غریب بھارت کے امیر وزیر نے بیٹی کے بیاہ پر 7 ارب روپے پھونک دیئے

غریب بھارت کے امیر وزیر نے بیٹی کے بیاہ پر 7 ارب روپے پھونک دیئے

نئی دہلی: غربت اور مفلسی کی تصویر بھارت میں ہونے والی ایک حالیہ شادی پر شدید حیرت اور تنقید بھی کی جارہی ہے جس میں ایک سیاسی و کاروباری شخصیت کی بیٹی کی شادی پر پاکستانی 7 ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

بی جے پی کے سابق وزیر اور کان کنی سے وابستہ تاجر جی جناردھن ریڈی نے اپنی بیٹی براہمنی کی شادی میں زبردست اخراجات کئے جو بھارتی کرنسی میں ساڑھے 5 ارب اور پاکستانی روپوں میں 7 ارب تک جا پہنچتے ہیں۔ اس شادی کے بعد اب وہ انکم ٹیکس والوں کی نظر میں آگئے ہیں۔

جناردھن ریڈی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 5 کھرب روپے کے اثاثہ جات کے مالک ہیں تاہم ان پر غیرقانونی کان کنی اور دیگر الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ اس شادی میں بالی وڈ کے چوٹی کے ستاروں کو بھاری معاوضے پر بلایا گیا۔ شادی میں 50 ہزار سے زائد مہمان مدعو کئے گئے تھے جب کہ دُلہن کے جوڑے کی قیمت 26 کروڑ روپے سے کچھ زائد ہے اور شادی کی تقریبات 4 دن تک جاری رہیں۔

اس شادی کا دعوت نامہ بھی تاریخی تھا جسے ایک ڈبے میں بند کیا تھا او راسے کھولتے ہی ایل سی ڈی سکرین پر 3 منٹ کی ایک وڈیو چلی جس میں اہلِ خانہ شادی میں شرکت کی درخواست کرتے نظر آتے ہیں اور اس کے بعد ایک خصوصی گانے پر لب ہلاتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں جسے صرف اس شادی کے لیے کمپوز کیا گیا تھا۔

اس کے ساتھ پس منظر میں پھول اور سفید گھوڑے دوڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ اندازہ ہے کہ صرف شادی کارڈ کے ڈبوں پر ہی ڈیڑھ کروڑ سے زائد روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ اکیس سالہ دُلہن براہمنی کی شادی 25 سالہ راجیو ریڈی سے طے پائی ہے جو افریقہ میں ہیروں کا کاروبار کرتے ہیں۔ ریڈی خاندان کے پاس انتہائی قیمتی گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور دیگر مہنگی سواریاں بھی ہیں۔

ان کی بیگم کی 70 کروڑ کی جائیداد ضبط ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود شادی پر اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو کرناٹک میں جتوانے میں اہم کردار اسی ریڈی خاندان کا رہا ہے لیکن جناردھن ریڈی کو غیر قانونی کان کنی پر2 مرتبہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں