دورہ سری لنکا کیلئے ڈیف کرکٹ ٹیم کا اعلان

دورہ سری لنکا کیلئے ڈیف کرکٹ ٹیم کا اعلان

لاہور: پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن نے دورہ سری لنکا کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ۔ اس دورے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مقامی ہوٹل میں ٹیم کے اعلان کے ساتھ ساتھ سیریز میں استعمال ہونے والی یونیفارم کی تقریب رونمائی ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان ظہیر، سینئر نائب صدر اشتیاق احمد، جنرل سیکرٹری عطا الرحمان، ٹیم منیجر ظہیر الدین بابر، کپتان ذکا احمد اور کوچ عمر فیاض کے علاوہ ٹیم کے دیگر کھلاڑی اور سپانسرز اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
پاکستان ڈیف ٹیم اپنے دورہ سری لنکا میں دو ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں حصہ لے گی۔ پاکستان ٹیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سری لنکا کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو کھیلے گی۔ سری لنکا کے دورہ کے لیے اعلان ہونے والے 14 رکنی سکواڈ میں ذکاءاحمد (کپتان)، نبیل انجم، اسد حسین بٹ، وقاص حسن، محمد شکیل، نعیم ارشد، بلال یوسف، عثمان امیر، محمد ولید، عاصم شبیر، حبار علی، عدنان غنی، اعجاز احمد (وکٹ کیپر) اور کامران طارق شامل ہیں۔ سات رکنی ٹیم مینجمنٹ میں ظہیر الدین بابر منیجر، عمر فیاض ہیڈ کوچ، اشفاق احمد اسسنٹن کوچ، تنویر فزیو، اشتیاق احمد، سلمان ظہیر اور عطاالرحمان آفیشلز میں شامل ہیں۔
پانچ میچوں کی سیریز کا آغاز ون ڈے میچز سے ہوگا، پہلا ون ڈے 20 اور دوسرا 21 نومبر کو کولمبو میں کھیلا جائیگا۔ 22 نومبر کو آرام کے دن کے بعد 23، 24 اور 25 نومبر کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔