'بھارت اور چین کا مسئلہ خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے'

'بھارت اور چین کا مسئلہ خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے'

واشنگٹن: امریکا کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں ’’جنوبی ایشیاء میں سلامتی اور استحکام‘‘کے موضوع پر لیکچر کے دوران اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کا کوئی میکنزم موجود نہیں اور پورے خطے میں سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارت اور چین کا مسئلہ بھی خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے میں خوشحالی کا سبب بنے گا۔ اعزاز چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات اور بات چیت تعطل کا شکار ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاک افغان سرحد کا کنٹرول مشکل کام ہے تاہم پاکستان کی کوششیں جاری ہیں اور پاک افغان سرحد کو بہتر طور پر منظم کرنے میں امریکا مدد کرے۔ اعزاز چوہدری نے واضح کیا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل عسکری نہیں سیاسی ہے جبکہ پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی ہے اور انتہا پسندی کا سخت مخالف ہے۔

پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران دونوں سے پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں تاہم دونوں ممالک کو اپنے مسائل بات چیت سے حل کرنے چاہییں اور اس سلسلے میں پاکستان اپنا کردار ادا کرنےکو تیار ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں