شاہ سلمان آئندہ ہفتے اقتدار سے دست بردار ہو جائیں گے، ذرائع

شاہ سلمان آئندہ ہفتے اقتدار سے دست بردار ہو جائیں گے، ذرائع

ریاض: ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود آئندہ ہفتے اپنے بیٹے محمد بن سلمان کے حق میں اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں گے اور تمام اختیارت بھی نئے بادشاہ محمد بن سلمان کو سونپ دیئے جائیں گے۔سعودی فرمانروا اپنے پاس صرف خادم الحرمین شریفین کی ذمہ داریاں رکھیں گے۔

اس سے قبل سعودی عرب نے اِن رپورٹوں کی تردید کی تھی کہ بادشاہ سلمان بن عبد العزیز السعود اپنے ولی عہد بیٹے محمد بن سلمان کے حق میں تخت سے دست بردار ہو رہے ہیں۔

ایک اعلیٰ سعودی اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی میڈیا کو بتایا تھا کہ ''اس بات کا قطعاً کوئی امکان نہیں کہ وہ دست بردار ہو رہے ہیں''۔ اُنھوں نے اِس بات کی جانب توجہ مبذول کرائی کہ عام طور پر سعودی بادشاہ بیماری کے باوجود آخری دم تک اپنے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں۔

گزشتہ دنوں32  سالہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں انسداد بدعنوانی کمیٹی نے 11 شہزادوں، چار وزرا اور کئی سابق وزرا کو حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔ گرفتار افراد میں بین الاقوامی طور پر معروف تاجر شہزادہ الولید بن طلال بھی شامل تھے۔

واضح رہے تاریخ میں صرف ایک سعودی بادشاہ ایسے گزرے ہیں جنھوں نے اپنی زندگی میں اقتدار سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ شاہ سعود بن عبدالعزیز نے 1960ء کے وسط میں اپنے حکمراں خاندان کے ارکان کے دباؤ پر اپنے بھائی اور تخت کے وارث شہزادہ فیصل کے حق میں اقتدار چھوڑا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں