ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 227 رنز پر آؤٹ

ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 227 رنز پر آؤٹ
تصویر بشکریہ کرک انفو

ابوظہبی :متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم 227 رنز پر آئوٹ ہو گئی ہے۔ 


تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تاہم پاکستانی ٹیم اس کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکی اور 227 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بابر اعظم نے 62 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر  رہے ۔ دیگر بلے بازوں میں  امام الحق 6 ، محمد حفیظ 20،اظہر علی 22 اور حارث سہیل 38 ، اسد شفیق 43 ، کپتان سرفراز احمد 2 بلال آصف 11 ، یاسر شاہ 9 حسن علی 4 رنز بنا سکے ۔

 نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 4 ، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور اعجاز پٹیل نے 2، 2 جبکہ ایش سوڈی اور وینگر نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

خیال رہے کہ ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے گذشتہ روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ پاکستانی باؤلرزنے غلط ثابت کردیا اور کیویز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن 63 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر تک نہ رہ سکا اور وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ ٹیم اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔بلال آصف 13 اوورز میں 33 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ 21 میچ ڈرا رہے۔