وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی صوبے بھر میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی صوبے بھر میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت 

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے بھر میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ لوگوں کے زیادہ تر مسائل زمینوں سے متعلق ہیں۔ لینڈ کمپیوٹرائزیشن سے حقداروں کا تعین ہو سکے گا۔ پورے عمل میں شفافیت آئے گی اور انصاف کاعمل سہل، آسان اور تیز تر ہوجائے گا۔

یہ ہدایات اُنہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ریونیو بورڈ  کی طرف سے لینڈ کمپیوٹرایزیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کے دوران دیں۔وزیر اعلیٰ کو ملاکنڈ ڈویثرن، دیر اپر اور دیر لوئر میں لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس کی سمری وزیر اعلیٰ نے منظور کر لی اور اس کیلئے  بجٹ کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اجلاس میں وزیر مال شکیل احمد خان،  چیف سیکرٹری کامران بلوچ، انتظامی سیکرٹریز  اور کمشنر ملاکنڈ نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تمام اضلاع میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس کوبتایا کہ جن اضلاع میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل پرائیویٹ اداروں کو ادائیگی نہ ہونے سے رکا ہوا تھا، اب ان پرائیویٹ فرمز کو فنڈز ادا کر دیئے گئے ہیں اور اضلاع میں جہاں پر لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے رکا تھا اب جلد از جلد یہ عمل مکمل ہو جائیگا۔

محمود خان نے ہدایت کی کہ لینڈ کمپیوٹرائزیشن سے عوام کوزمینوں کے مسائل میں سہولت پیدا ہو گی اور ان کو انتقالات میں پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ ریونیو بورڈ میں تعیناتیاں اور ٹرانسفرز میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی اور ان میں عوامی مفاد کو مد نظر رکھنا ضروری ہے جس سے ادارہ اور صوبہ ترقی اور جدیدیت کی جانب گامزن ہو گا۔