عوام کی خدمت کیلئے روزانہ 18 گھنٹے جاگتا ہوں، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

عوام کی خدمت کیلئے روزانہ 18 گھنٹے جاگتا ہوں، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
کیپشن: فوٹو فائل

ڈی جی خان: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بجلی کے منصوبے کاافتتاح کردیا اور کہا میرے علاقے میں 71 سال کے بعد بجلی آئی،عوام کی خدمت کے لیے روزانہ 18 گھنٹے جاگتا ہوں، علاقے کے لوگوں کی دعاؤں سے وزیراعلیٰ بنا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان میں بارتھی اورملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بجلی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے قبائلی علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں ، قبائلی علاقے کوہ سلیمان کو ریونیو تحصیل بنانے، بارڈر ملٹری پولیس میں 533 خالی آسامیوں پر بھرتی کرنے کا اعلان کیا۔

عثمان بزدار نے میڈیکل انجینئرنگ ودیگرتعلیمی اداروں میں قبائلی طلبہ کے کوٹہ میں اضافے اور ملازمین کے لیے ہل الاؤنس 500 سے بڑھا کر 1000 روپے کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرےعلاقےمیں71 سال کےبعدبجلی آئی، علاقے کے لوگوں کی دعاؤں سے وزیراعلیٰ بنا ہوں، عوام کی خدمت کیلئے روزانہ 18 گھنٹے جاگتا ہوں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کو بجلی فراہم کریں گے، ایک لاکھ 73 ہزار ایکڑ اراضی سیراب کرنے کیلئے5چھوٹے ڈیم بنائیں گے، کوہ سلیمان کے علاقوں کو بھی ٹورازم بیلٹ میں شامل کریں گے اور پی سی بی کے تعاون سے نوجوانوں کے لئے کرکٹ اکیڈمی بھی بنائیں گے.

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی آفس کی نئی عمارت کاافتتاح کیا اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا بہادرسپوت قوم کےہیرو ہیں، سی ٹی ڈی کومزیدمضبوط بنائیں گے، فنڈ کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے کمشنر آفس میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی ،  اجلاس میں  عثمان بزدار نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا اوراسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے پولیس کو فرائض انجام دینے کی ہدایت کی ۔