وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اقلیتی طلبہ و طالبات میں سکالرشپ چیک تقسیم

Punjab Chief Minister distributes scholarship checks to minority students
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ آفس میں اہم تقریب منعقد ہوئی جس میں اقلیتی طلبہ و طالبات میں سردار عثمان بزدار کی جانب سے سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے طلبہ وطالبات سے ملاقات میرے لئے بے حد خوشی کا باعث ہے۔ طلبہ کو سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک 100 فیصد سکالرشپ دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی طلبہ وطالبات کیلئے ہائر ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں 2 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ انھیں ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ دیا جا رہا ہے۔ اقلیتی طلبہ کیلئے ایجوکیشنل سکالرشپ سکیم میں 5 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈھائی کروڑ پیف اور ڈھائی کروڑ متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے اقلیتی طلبہ و طالبات کو دیئے جائیں گے۔ پچاس فیصد سینٹرل، 35 فیصد جنوبی اور 15 فیصد شمالی پنجاب کے طلبہ و طالبات کو دیئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میٹرک سے اعلیٰ تعلیم تک 50 فیصد نمبر لینے والے اقلیتی طلبہ کو 15 ہزار سے 50 ہزار تک سکالرشپ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال 714 طلبہ میرٹ پر اسکالرشپ حاصل کر رہے ہیں، ان میں سے 157 کا تعلق لاہور سے ہے۔ 32 ایسے طلبہ ہیں جو پروفیشنل ایجوکیشن حاصل کر رہے ہیں۔ اقلیتی برادری کے علاقوں کی ڈویلپمنٹ کیلئے 50 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اقلیتی برادری کے تہوار وں کیلئے 6 کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے ہیں۔ تمام اقدامات کا مقصد پاکستان میں اقلیتوں کو تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔