کاروباری مواقع بڑھ رہے ہیں ،شبلی فراز

Shibli Faraza, PTI, Information Minister
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد ،وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں اسوقت کاروبار کے مواقع بڑھ رہے ہیں ۔ عوام کی زندگی میں آسانی اور مہنگائی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراطلاعات شبلی فراز  مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔  

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور  کسی قسم کی کوئی کمی نہیں اس وقت 42 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر ملک میں موجود ہیں اور19 لاکھ ٹن گندم جلد پاکستان پہنچ جائے گی اور نئی فصل آنے تک ملک میں گندم کا سرپلس اسٹاک موجود ہوگا۔شبلی فراز نے کہا کہ پنجاب میں یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 68 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

پریس کانفرنس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ جب ہم نےحکومت سنبھالی تو ملک میں معاشی بحران تھا اور اسی بحرانی کیفیت کی وجہ سے  آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے کاروباری طبقے کو مراعات دی گئیں،کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو دھچکا لگاہےا ور مالی مشکلات سے نمٹنے کیلئے مختلف شعبوں کیلئے 1200 ارب کا ریلیف پیکج دیا گیاہے  ۔تاریخ میں پہلی بار ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد لوگوں کی مالی مدد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرکے 20 ارب ڈالر سے 3 ارب ڈالر پر لایا گیاہے۔ اخراجات میں کمی اور ٹیکسز میں اضافے سے آمدن میں اضافہ ہواہے ۔ ماضی  میں لئے گئے قرضوں پر سود کی مد میں 5 ہزار ارب روپے ادا کئے، گزشتہ 4 ماہ میں حکومت کی جانب سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا،انہوں نے کہا  معاشی صورتحال میں بہتری اور برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے،آٹو موبائلز اور ٹیکسٹائل کےشعبے میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے،روپے کی قدر مستحکم ہوئی، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 13 ارب ڈالر ہیں،4 ماہ کے دوران تاجروں کو 128 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ دیئے گئے.

مشیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر اور کابینہ اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی،حکومتی اقدامات سے تعمیرات کےشعبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوئےہیں ۔ سرکاری ترقیاتی پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا گیا اور نئے منصوبے شروع کئے. انہوں نے کہا کامیاب جوان پروگرام کیلئے اربوں روپے کے فنڈز دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیز بنا رہے ہیں جس سے پاکستان میں  سرمایہ کاری میں اضافہ ہو،پیداوار میں اضافے کیلئے صنعتی شعبے کو بجلی اور گیس سستے داموں  فراہم کی جا رہی ہے، گزشتہ 4 ماہ میں 433 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی،اسٹاک ایکسچینج میں بہتری سے عالمی سرمایہ کاروں کےا عتماد میں اضافہ ہوا،100 بڑی کمپنیز کے منافع میں 38 فیصد اور بینکنگ سیکٹر میں 36 فیصد اضافہ ہوا،گندم کی قیمتوں میں کمی کیلئے 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں،3 ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت میں کمی ہوئی ہے،72 فیصد بجلی اور 92 فیصد گیس کے گھریلو صارفین کا بل حکومت ادا کر رہی ہے،آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات اچھے انداز میں چل رہے ہیں،آئی ایم ایف مشن چند ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا،آئی ایم ایف سے کورونا کے دوران1.4 ارب ڈالر کا قرض لیا گیا۔