حکومت دھاندلی کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا سہارا لینا چاہتی ہے ، شہبازشریف

حکومت دھاندلی کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا سہارا لینا چاہتی ہے ، شہبازشریف

اسلام آباد :اپوزیشن رہنما شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے پاس اب ووٹ کے لئے نہیں جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ  حکومت کا اپوزیشن سے مشاورت کا کبھی کوئی ارادہ نظر نہیں آیا ۔

مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حزب اختلاف کے قائد شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے ۔جب بھی اپوزیشن نےحکومت سے مذاکرات کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ جب الیکشن ہوتا ہے تو پھر دھاندلی کی آواز آتی ہے لیکن آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے کہ الیکشن سے قبل ہی الیکشن کی اصلاحات پر بات ہورہی ہے ۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ حکومت کی جلدبازی کے دباؤ میں نہیں آئے حکومت جو فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ان کو کوئی فائدہ نہیں ملے گا ۔

حکومت کی طرف سےپیش کئے بلز کو بلڈوز کردیں گے ، مشین کے ذریعے سلیکٹیڈ گورنمنٹ کو مزید طول نہیں دینے دیں گے ۔حکومت اب ووٹ کے لئے عوام کے پاس نہیں جاسکتی اسی لئے انہوں نے ای وی ایم کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں آر ٹی ایس خراب ہو گیا جس کے نتیجے میں دھاندلی زدہ حکومت وجود میں آئی، اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مطلب ہے ’ایول اینڈ وشیس مشین‘ ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے لیے وزیراعظم عمران خان، قائد حزب اختلاف شہباز  شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اراکین ایوان میں موجود ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافیوں نے شہبا ز شریف سے سوال کیا کہ کیا حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے یا شکست دیں گے؟  شہباز شریف کا جواب میں کہنا تھا کہ ہمارے پاس اپنی تعداد پوری ہے، جو اللہ کو منظور ہوگا وہی ہوگا، مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن اپنا جواب دے گی۔

 پارلیمنٹ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر  شہباز  شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جبکہ شہباز شریف نے گرم جوشی سے بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔ملاقات میں مولانا اسعد محمود، یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔