خواتین پر جنسی حملوں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سرفہرست

خواتین پر جنسی حملوں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سرفہرست

نئی دہلی: ایک نئے جائزے کے مطابق بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی اور برازیلی شہر ساؤ پاولو خواتین کے لیے غیر محفوظ اور بدترین شہر ہیں۔ اسی رپورٹ میں جنسی تشدد کے حوالے سے مصر کا دارالحکومت قاہرہ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد میکسیکو سٹی اور ڈھاکا کا نمبر آتا ہے۔ جنسی حملوں کے حوالے سے اس رپورٹ میں جاپان کے شہر ٹوکیو کو خواتین کے لیے محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے حوالے سے تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن کا ایک نیا سروے منظر عام پر آیا ہے جس میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور برازیل کا شہر ساؤ پاولو کو دنیا کے بدترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ دسمبر دو ہزار بارہ میں نئی دہلی کی ایک مسافر بس پر سفر کرنے والی ایک لڑکی کو انتہائی سفاکانہ انداز میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اسے چلتی بس سے باہر پھینک دیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئی تھی۔

تئیس سالہ طالبہ کی موت کے بعد دنیا کی اس سب سے بڑی جمہوریت میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک نئی جد وجہد کا آغاز ہوا تھا۔ ہزاروں مظاہرین نے سڑکوں پر نکلتے ہوئے تمام ملزمان کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد اب بھی خواتین پر جنسی تشدد کے واقعات آئے روز دیکھنے کو ملتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں