شاہ سلمان نے ٹرمپ اور اردگان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے

شاہ سلمان نے ٹرمپ اور اردگان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر ٹرمپ اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ اپنے ٹیلیفونک رابطوں کی تفصیلات سے سعودی کابینہ کو آگاہ کر دیا۔ کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔

کابینہ نے سعودی شہری جمال خاشقجی کی گمشدگی کی گتھیاں سلجھانے کیلئے دونوں برادر ممالک کے ماہرین کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے سے متعلق مملکت کی درخواست قبول کرنے پر ترک ایوان صدارت کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ سلمان نے کابینہ کو بتایا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ان سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے خطے کے تازہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردگان اور بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں سے مطلع کرتے ہوئے کہا کہ منفرد ، گہرے ، تاریخی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

وزیراطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ سعودی کابینہ نے الزامات اور افواہوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش اور جلد بازی کے بجائے حقیقت حال دریافت کرنے اور خاشقجی کے واقعہ سے متعلق حکمت و فراست کا مظاہرہ کرنے والے دنیا بھر کے ہوشمند انسانوں کے مطالبات مسلم عرب و دوست ممالک بین الاقوامی و عرب تنظیموں ، اداروں اور قومی اسمبلیوں کے لئے قدرو منزلت کا اظہار کیا۔ کابینہ نے اقتصادی اصلاحات کے مثبت نتائج سے متعلق عالمی مالیاتی فنڈ کی رپورٹ اور شرح نمو 2.4فیصد تک پہنچنے کی اطلاع پر مسرت کا اظہار کیا۔ کابینہ نے علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ سے متعلق رپورٹیں سنیں ۔

کابینہ نے افغانستان میں انتخابی اجلاس پر خودکش دھماکوں ، صومالیہ کے جنوب مغرب میں ہونے والے دہشت گرد دھماکوں ، کینیا میں اسکول پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ، افغانستان  ، کینیا اور صومالیہ کے عوام اور حکومتوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ زخمیوں کی فوری شفاء کی آرزو کا اظہار کرتے ہوئے ہرطرح کی دہشت گردی کو مسترد کر دیا۔ کابینہ نے توانائی ، صنعت اور معدنیات کے شعبوں میں عراق کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیرتوانائی کو  تفویض کیا۔