نوجوان استحصالی نظام کیخلاف عمران خان کا ہر اول دستہ بن کر ابھرے، فردوس عاشق

نوجوان استحصالی نظام کیخلاف عمران خان کا ہر اول دستہ بن کر ابھرے، فردوس عاشق
ہمارے نوجوان قوم کا روشن مستقبل اور ملک کو عظیم تر بنانے کی امید ہیں، فردوس عاشق۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے روزگار اور دیگر مسائل حل کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ نوجوانوں کو بلا سود اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کامیاب جوان پروگرام کے لئے 100 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، ہمارے نوجوان قوم کا روشن مستقبل اور ملک کو عظیم تر بنانے کی امید ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کی معاشی فلاح، ترقی اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا نوجوان استحصالی نظام کے خلاف عمران خان کا ہر اول دستہ بن کر ابھرے، نوجوانوں نے قریہ قریہ نگرنگر تبدیلی کا پیغام پہنچایا، خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کیلئے 25 فیصد کوٹہ بھی شامل ہے،۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو با اختیار بنا کر ترقی یافتہ اقوام کے مقابلے میں لانا وزیراعظم کا وژن ہے۔