تمام پاکستانی نوکریوں کے معاملے پر بے یقینی کا شکار ہیں، مصطفیٰ کمال

تمام پاکستانی نوکریوں کے معاملے پر بے یقینی کا شکار ہیں، مصطفیٰ کمال
کیپشن: اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے، مصطفیٰ کمال۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ نوکریوں کے معاملے پر پاکستانیوں کے ساتھ دھوکا ہو گیا۔نیب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے انتخابی مہم ایک کروڑ نوکری کا کہہ کر چلائی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ہی پاکستانی نوکریوں کے معاملے پر بے یقینی کا شکار ہیں اور ملک میں اقتدار گرانے کی جنگ چل رہی ہے۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل سربراہ پاک سر زمین پارٹی اور سابق ناظمِ اعلیٰ کراچی سید مصطفیٰ کمال اور سابق ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائم خانی ساحلِ پر اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں کراچی کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

مصطفیٰ کمال کے وکیل حسان صابر نے عدالت سے استدعا کی کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریفرنس کی جلد سماعت مکمل کی جائے۔ اس لیے ان درخواستوں کو ریفرنس سے الگ سنا جائے۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ایک ہی معاملہ ہے اور ساری درخواستوں کو ایک ساتھ سنا جائے گا۔ عدالت نے 26 اکتوبر کو نیب پراسیکیوٹر اور فریقین سے دلائل طلب کر لیے۔

نیب کے مطابق مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف اس کیس میں 5500 مربع گز زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔