بھارت نے اس وقت خوشی منائی جب پاکستان پر سلیکٹڈ وزیراعظم مسلط کیا گیا، مولانا فضل الرحمان

بھارت نے اس وقت خوشی منائی جب پاکستان پر سلیکٹڈ وزیراعظم مسلط کیا گیا، مولانا فضل الرحمان

گوجرانوالہ: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں اور عوام کا سمندر جعلی حکمرانوں کی کشتی کو غرق کر دے گا کیونکہ موجودہ حکمرانوں نے جمہوریت کے چہرے کو گرد آلود کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس وقت خوشی منائی جب پاکستان پر سلیکٹڈ وزیراعظم مسلط کیا گیا اور کشمیر کو بھارت کے آگے بیچ دیا گیا تب بھارت نے عید منائی  اور اب حکومت کے خلاف تحریک چل پڑی ہے حکمرانوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں کیونکہ اب عوام کا سمندر کراچی، کوئٹہ، لاہور، ملتان اور پشاور میں آئے گا۔ جمہوریت کو ذبح کر کے جعلی حکمران کو بٹھا دیا گیا لیکن آج 15 ارکان پارلیمنٹ نے جعلی اکثریت کو بھگا دیا۔ 

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہ ہماری پاکستان کے کسی ادارے کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والی 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو رواں ماہ سے شروع ہونے والے ’ایکشن پلان‘ کے تحت 3 مرحلے پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے ذریعے حکومت کا اقتدار ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

ایکشن پلان کے تحت پی ڈی ایم نے رواں ماہ سے ملک گیر عوامی جلسوں، احتجاجی مظاہروں، دسمبر میں ریلیوں اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف ایک ’فیصلہ کن لانگ مارچ‘ کرنا ہے۔

مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے پہلے صدر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف سینئر نائب صدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اس کے سیکرٹری جنرل ہیں۔