عمر گل نے اشکبار آنکھوں سے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

عمر گل نے اشکبار آنکھوں سے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا
کیپشن: تصویر:پی سی بی ٹوئٹر اکائونٹ

لاہور:  فاسٹ بائولر اور یارکر سپیشلسٹ عمر گل نے اشکبار آنکھوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جانےوالے نیشنل ٹی 20کپ کے اہم میچ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے عمر گل اپنی ٹیم کو الوداعی میچ نہ جتوا سکے جس کے بعد ٹیم کے ایونٹ سے آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔


قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر عمر گل ریٹائرمنٹ کے اعلان کے موقع پر آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے تمام شائقین ،کوچز،سینئر سٹاف اور اپنی اہلیہ کا شکریہ ادا کیا۔


اس موقع پر عمر گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتا تھا، لیکن ایک دن یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے، میرے سے پہلے لیجنڈز کرکٹرز نے بھی کرکٹ کو خیر باد کہا۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، میری سب کرکٹرز کو نصیحت ہے کہ صرف کھیل کو ترجیح دیں۔ مسلمانوں کا عقیدہ ہے اگر آپ محنت کریں تو اللہ تعالیٰ آپ کو صلہ بھی دیتا ہے۔

3a67016034cf0e691e96a25e38980d38


ریٹائرمنٹ کے موقع پر ساتھی کھلاڑیوں نے عمر گل کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم ڈی وسیم خان نے بھی فاسٹ باؤلر عمر گل کی ریٹائرمنٹ پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔


واضح رہے کہ عمر گل نے کرکٹ کیرئیر میں 47 ٹیسٹ کھیلے، عمر گل نے 130 ایک روزہ اور 60 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے 20 سالہ کیریئر میں 900 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔


ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 47 میچز میں 163 وکٹیں حاصل کیں، ون ڈے میں 130 میچز میں 179 شکار کیے، جبکہ ٹی ٹونٹی میں 85 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں 479، لسٹ اے میں 286 اور ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی میں 222 وکٹیں حاصل کیں۔


خیال رہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو  شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیاہے۔162رنز  کا ہدف سدرن پنجاب نے گیارہ اوورز میں ہی حاصل کر لیا، صہیب مقصود نے 99رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ۔ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے سدرن پنجاب کو ہدف 13ویں اوور تک حاصل کرنا تھا ۔