کورونا وائرس کے خاتمے کی نئی امید جاگ اٹھی

کورونا وائرس کے خاتمے کی نئی امید جاگ اٹھی
کیپشن: file photo

ماسکو: کورونا وائرس کے خاتمے کی نئی امید جاگ اٹھی، روس نے کورونا وائرس کی دوسری ویکسین جاری کر دی۔

روس کے صدر نے اعلان کیا کہ روس نے کورونا وائرس کی دوسری ویکسین رجسٹر کروا لی، جبکہ تیسری پر بھی کام جاری ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق نئی کورونا ویکسین کا نام ایپی ویک کورونا ہے، پہلی تیار شدہ ویکسین کے ٹرائل کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے رواں برس اگست میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔ یہ مدافعتی ویکسین روسی ماہرینِ حیاتیات و متعدی امراض کی زیرِ نگرنی تیار کی گئی ہے۔ اب اس ویکسین کے مزید نتائج حاصل کرنے کے لیے اسے مختلف مگر محدود انسانی گروپوں پر باضابطہ سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

روسی حکام نے ویکسین کا نام 'اسپُوتنک پانچ‘ رکھا ہے۔ اسپُوتنک سن 1957 میں سابقہ سوویت یونین دور کا خلا میں بھیجا جانے والا پہلا راکٹ تھا۔

روسی ویکسین کے جاری تجربات پر ایک مرتبہ پھر مغربی حیاتیاتی سائنسدانوں نے گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مغربی اقوام کے ماہرین کا خیال ہے کہ روسی ماہرین مسابقتی عمل سے دوچار ہیں اور ان کی جلد بازی کسی بڑی غلطی کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ مغربی و امریکی طبی ماہرین کا خیال ہے کہ ایسا کرنے کے شدید منفی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

روس نے اس مغربی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ مغرب ماسکو کی حیران کن پیش رفت کی اہمیت کو کم کرنے کی کوششوں میں ہے۔

واضح رہے کہ کئی ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، دنیا بھر میں اس وقت متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 95 لاکھ 84 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

مرنےوالوں کی تعداد 11 لاکھ 9 ہزار سے زیادہ ہوچکی۔ امریکا میں متاثرین کی تعداد ، 82لاکھ 88 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ جبکہ بھارت میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار ہوگئی ، متاثرہ افراد کی تعداد 74 لاکھ 30 ہزار ہوچکی ہے۔