ذاتی مفاد اور کرپشن ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

 ذاتی مفاد اور کرپشن ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
کیپشن: تصویر سکرن گریپ نیو نیوز

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب  میں کہا ہے کہ ذاتی مفاد اور کرپشن ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے-

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں ہو ا ، جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ میر ی اس ایوان سے جان پہچان کافی پرانی ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے صدر منتخب کرنے پر تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ آپ آئند بھی میرا ساتھ دیں گے۔


انہوں نے کہا کہ ہماری تین اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر چکی ہیں یہ ایک خوش آئند بات ہے، بے ایمانی سے تنگ عوام صاف معاشرہ چاہتے ہیں، گروہی مفاد اور کرپشن ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کرپشن کے خاتمے کے لیے احتساب کے اداروں کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ہمیں صاف وشفاف نظام لانا ہو گا۔


انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بات اپنے ذہن میں رکھنی چاہیے ہم ایک مقروض قوم ہیں ، ملک اس وقت اندرونی وبیرونی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، اس لیے ہمیں سادگی اپنانا ہوگی، موجودہ حکومت نے نئے پاکستان کا عزم کیا ہوا ہے، نئے پاکستان کی بڑی نشانی سادگی ہے۔


انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلی کے بھی ملک پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، سند ھ اور بلوچستان کے اکثر علاقے خشک ساکی کا شکار ہیں، لیکن زندہ اور باہمت قومیں مشکلات سے گھبرایا نہیں کرتیں، مجھے امید ہے نئی حکومت تمام مسائل پر روڈمیپ بنائے گی۔


انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، توانائی کے مسائل بھی توجہ طلب ہیں، جبکہ اس وقت پانی کا ضیاع روکنا بھی ضروری ہے، نئے ڈیمز بنانا ہوں گے، بلوچستان اور دور دارز علاقوں کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی، ملک میںآبادی اور وسائل میں توازن پیدا کرنا ہو گا، ہمیں اپنے قومی ورثے کی بھی حفاظت کرنا ہوگی۔


انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری آبادی کا 60فیصد نوجوانون پر مشتمل ہے، نوجوانوں کے لیے میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر روزگا ر کے مواقع تلاش کرنا ہوں گے، ہم ایک زرعی ملک ہیں ، زراعت ہماری معیشت میںریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہمیں آبپاشی کے جدید نظام کو فروغ دینا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کی نشونما عالمی معیار سے کم ہے، تعلیم اور صحت کے معاملات بھی کچھ اچھے نہیں جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے، ہماری عورتیں بہت محنتی ہیں ، ان کو بھی زیادہ سے زیادہ مواقع دینے ہوں گے-


ڈاکٹر عارف علوی نے کرپشن کو ملکی ترقی میں رکاوٹ قرار دیا ، معیشت کی بہتری کے لیے کرپشن سے چھٹکارہ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ ملک کی ترقی کے کام کریں، ہماری برآمدات اور درمدات میں واضح فرق ہے، حکومت توازن لانے پر کام کرے، مالیاتی خسارے کو کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں ، سرمایہ کاری کے نظام کو آسان اور موثربنایا جائے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی پر قابو پا چکا ہے، اس کا کریڈٹ پاک فوج کودینا چاہتا ہوں ، اس حوالے سے دنیا کو ہم سے سیکھنا چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہش مند ہے، روس کے ساتھ تعلقات کو پاکستان انتہائی اہمیت دیتا ہے جبکہ ترکی سے تعلقات کو بھی ہم بہت اہمیت دیتے ہیں، انہوں نے کہا بیرونی ممالک سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کی اپنی کوشش جاری رکھے گا۔