میگا کرپشن مقدمات کو شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، چیرمین نیب

میگا کرپشن مقدمات کو شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، چیرمین نیب

اسلام آباد: میگا کرپشن کے مقدمات کومیرٹ ،شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق   نیب ہیڈ کوار ٹر میں نیب کے علاقائی بیوروز کی ماہانہ کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران نیب کے تمام علاقائی بیوروز، پراسیکیوشن، آپریشن ڈویژن سمیت نیب ہیڈ کوارٹرز کے تمام شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 297 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ تمام مقدمات کو نمٹانے کیلئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کیلئے وقت کا تعین کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لئے نیب اپنی حالیہ پالیسی میں ان نوجوانوں کو اہمیت دیتا ہے تاکہ انہیں ابتدائی عمر میں ہر قسم کی بدعنوانی سے متعلق آگاہی دی جا سکے۔ نیب نے ملک بھر میں مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 55 ہزار کردار سازی کی انجمنیں قائم کی ہیں جس کا مقصد نوجوانوں کوبدعنوانی کے مضر اثرات سے اگاہی فراہم کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا ماہانہ، سہ ماہی ، ششماہی اور سالانہ بنیادوں پرجائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ شعبوں کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کانظام وضع کیا گیا ہے۔

چیئرمین نیب نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوششوں کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ وہ بدعنوان سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کریں کیونکہ نیب ہر قیمت پر پاکستان کو بدعنوانی سے پاک بنانے کیلئے پرعزم ہے۔