ہم سب کو مل کر ترقی کا سفر طے کرنا ہے،چودھری پرویز الہی

ہم سب کو مل کر ترقی کا سفر طے کرنا ہے،چودھری پرویز الہی
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر ترقی کا سفر طے کرنا ہے، سابق حکمرانوں نے ہمیشہ ذاتی مفاد کے کاموں کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ عوام اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے ن لیگ کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ضلعی عہدیداروں نے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ قائداعظم میں شمولیت اور تحریک انصاف کے متفقہ امیدوار مونس الہیٰ کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے خدیجہ فاروقی، انصر گھمن، میجر (ر) نسیم اکبر فاروقی، چودھری اعجاز وڑائچ، میاں عمران مسعود، میاں پرویز اختر پگانوالہ، چودھری اعجاز شاہدولہ، ندیم اختر ملہی و دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔

چودھری پرویز الہیٰ نے پارٹی میں شمولیت کرنے پر شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سب کو مل کر ترقی کا سفر طے کرنا ہے، سابق حکمرانوں نے ہمیشہ ذاتی مفاد کے کاموں کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ عوام اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسان دشمن حکومت نے پورے صوبے کا بجٹ میٹرو پر لگا دیا جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں ادویات نہیں، سکولوں میں فرنیچر اور پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہباز شریف کی کرپشن کے ثبوت آہستہ آہستہ وقت کے ساتھ منظر عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں، 56 کمپنیوں کی کرپشن سامنے آنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک کا حکمران نیک نیت ہوگا اور عوام کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ رکھے گا، تبھی عوام کو ان کا حق ملے گا۔ عمران خان کا ویژن ملک کو نئی راہ پر لے کر جا رہا ہے، اس ویژن میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔