لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سستی شہرت کے لیے الیکشن کمیشن درخواست لے کر گئی تھی۔الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سستی شہرت کے لیے الیکشن کمیشن درخواست لے کر گئی تھی۔ مریم نواز کو عوامی خدمت کے لیے کسی عہدے اور سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے مریم نواز کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدارت سے ہٹانے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نائب صدر کا عہدہ غیر فعال اور اختیارات کے بغیر ہے۔ اگر پارٹی صدر کا عہدہ خالی ہو تو مریم نواز نااہلی کے خاتمے تک یہ عہدہ نہیں سنبھال سکتیں لہٰذا انہیں پارٹی کی نائب صدارت سے نہیں ہٹایا جا سکتا ہے۔