انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا
سورس: فائل فوٹو

لندن  : نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے پربھی سوالیہ نشان لگ گیا۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی  24 سے 48 گھنٹے میں  دورہ پاکستان  سےمتعلق فیصلہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔انگلینڈ نے اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کر نا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے فیصلے کے بعد انگلش ٹیم کا دورۂ پاکستان  بھی مشکوک ہوگیا ہے۔شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی مینز اور ویمن ٹیمیں 9 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گی، مینز ٹیم کی قیادت اوئن مورگن اور ویمن ٹیم کی قیادت ہیتھر نائٹ کریں گی۔

انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں13 اور 14 اکتوبر کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلےنے ہیں ،جس کے بعد انگلش ٹیم 15 اکتوبر کو اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوجائے گی جبکہ ویمن کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے میچز کے لیے 21 اکتوبر تک اسلام آباد میں رہے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے تمام میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونا تھے ،تاہم آپریشنل اور لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر میچ راولپنڈی منتقل کیے گئے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر راولپنڈی میں موجود ہے جب ٹیم نے ٹاس کے لیے سٹیڈیم جانا تھا عین موقع پر انہوں نے دورہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ 

دورہ ختم ہونے پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنی نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کی لیکن انہوں نے وزیر اعظم کی یقین دہانی نہیں مانی اور بورڈ کے دورہ ختم کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔