نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے پر مریم نواز کا حکومت پر طنز

نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے پر مریم نواز کا حکومت پر طنز
کیپشن: نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے پر مریم نواز نے حکومت کو طنز کا نشانہ بنا ڈالا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت پر تنقید کے نشتر چلا دیئے۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کی خبر شیئر کرتے ہوئے طنزاً کہا کہ میں سبز پاسپورٹ کی عزت کراؤں گا۔

دوسری طرف وزیراعظم معاون خصوصی شہباز گل نے جواب میں کہا کہ یہ ہے ان محترمہ کا دماغ اور میچورٹی، کوئی دوسرا آپ کے ملک کے ساتھ اچھا نہ کرے تو اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، لیکن آپ تو اپنے ہی ملک کی سوتن بنی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر، مودی اور بھارتی میڈیا کی جگتیں یاد رہیں گی۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔

سی ای او نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کہا ہے کہ ان کے لیے دورہ پاکستا ن جاری رکھنا ممکن نہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے اور نیوزی کرکٹ بورڈ کو سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیوں کے مابین 18 سال بعد پاکستان میں میچ ہونے جا  رہا تھا لیکن آخری لمحے پر دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

 اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تھریٹ کا مسئلہ نہیں ہے جبکہ معلوم ہوا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی 24 سے 48 گھنٹے میں اپنا فیصلہ کر لے گی اور وہ جو فیصلہ کرے گی وہ ان کا اپنا فیصلہ ہو گا۔ 

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے قبل 'سیکیورٹی خدشات' کی وجہ بتا کر دورہ پاکستان منسوخ کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے الرٹ موصول ہوا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتِ پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے اور ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے رابطہ کر کے انہیں بتایا کہ ہماری سیکیورٹی انٹیلی جنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکیورٹی کا خطرہ نہیں ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ 

دوسری طرف نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔