گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پی ایس او میں 117 افراد بھرتی کئے گئے، شاہد خاقان عباسی

گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پی ایس او میں 117 افراد بھرتی کئے گئے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پی ایس او میں 117 افراد بھرتی کئے گئے۔

آج ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر روزی خان کاکڑ کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے 549 افراد کو جبکہ پی ایس او میں 117 افراد کو بھرتی کیا گیا۔ ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں گیس کی پیداوار کے حوالے سے ضلع سانگھڑ کا پانچواں نمبر ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مختار عاجز دھامرہ کے سوال کے جواب میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی طرف سے ایوان بالا کو بتایا گیا کہ ضلع سانگھڑ میں گیس کے نئے کنکشنز پر کوئی پابندی نہیں۔ کابینہ نے 12 اپریل 2017ء کو ملک بھر میں نئے قصبوں اور دیہات تک گیس کی توسیع پر پابندی اٹھا لی ہے۔ کمپنیاں نیٹ ورک اور مطلوبہ فنڈز کی دستیابی کے حساب سے گیس کنکشن فراہم کرتی ہیں۔ ایس ایس جی کے نیٹ ورک پر نئے گھریلو کنکشن کی مدت 45 دن ہے۔