سانحہ ماڈل ٹان کیس: ڈی آئی جی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

سانحہ ماڈل ٹان کیس: ڈی آئی جی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کیپشن: فوٹو بشکریہ یاہو

لاہور: لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عبدالجبار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز حسن اعوان نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس پر سماعت کی۔ عدالت میں استغاثہ کے مدعی جواد حامد کی جانب سے وکیل رائے بشیر احمد عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران عدالت نے گواہان اسٹور کیپر جاوید اور کیمرہ مین عظیم کے بیان کے علاوہ استغاثہ کیس کے مدعی جواد حامد کا بیان بھی قلمبند کر لیا۔

بیانات قلم بند کیے جانے کے بعد عدالت نے ڈی آئی جی رانا عبدالجبار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ڈی آئی جی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس کی سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ’اگر ان کیخلاف سازشوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لیں گے‘
 یہ خبر بھی پڑھیں: اہلیہ کی عیادت فرار کا بہانہ نہیں بننی چاہیے : فواد چوہدری
 واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے سانحہ ماڈل ٹاون سے متعلق ہائیکورٹ میں زیر التوا درخواستوں پر فل بینچ بنانے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس کے حکم پر ہائیکورٹ میں تشکیل دیا جانے والا فل بینچ دو ہفتوں میں درخواستوں پر فیصلہ سنائے گا۔

سانحہ ماڈل ٹاون سے متعلق درخواستوں پر سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ جسٹس قاسم علی خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سانحہ ماڈل ٹاون سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس سردار احمد نعیم بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر کیس میں دو گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد جرح مکمل کی گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں