اسلام آباد میں نئے ہوائی اڈے کے کمرشل آپریشن کے آغاز کی نئی تاریخ

اسلام آباد میں نئے ہوائی اڈے کے کمرشل آپریشن کے آغاز کی نئی تاریخ
کیپشن: image by ProPakistani

اسلام آباد : پاکستان میں ہوابازی کے نگراں ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کمرشل آپریشن کے آغاز کی نئی تاریخ دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پہلے یہ ہوائی اڈہ جمعہ 20 اپریل کو کھلنا تھا مگر اب نئی تاریخ کے مطابق تین مئی کو یہاں سے کمرشل پروازوں کا آغاز ہوگا۔

آج دوپہر تک سول ایوی ایشن اور ایئرلائنز کے مختلف اہلکار اس بات پر مُصر تھے کہ ہوائی اڈہ 20 اپریل کو ہی کھلے گا مگر دوپہر کو نئے نوٹس کے اجرا کے بعد صورتحال اچانک سے بدل گئی۔

سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الٰہی نے بتایا کہ پہلے ہوائی اڈے کے افتتاح کی تاریخ یکم مئی کو دی گئی تھی۔ اس وقت خیال یہ تھا کہ 20 اپریل کو ائیر پورٹ کھل جائے گا اور دس دن تک آپریشنل رہنے کے بعد اس کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔

مختلف سٹیک ہولڈرز سے بات کرنے کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ بجائے ہوائی اڈہ کو آپریشنل کر کے افتتاح کیا جائے، ائیر پورٹ کا آغاز ہی تین مئی سے کیا جائے تاکہ مزید آزمائشی مراحل مکمل ہو سکیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ایک مہینے سے ہوائی اڈے پر مختلف مشینوں اور نظام کے تجربات جاری ہیں جن میں سے ایک کے دوران پانی کی ایک پائپ لائن پر زیادہ پریشر ڈالنے سے پائپ لائن پھٹ گئی جسے بعد میں درست کیا گیا۔