سندھ لاک ڈاؤن مزید سخت، خواتین اور بچوں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد

سندھ لاک ڈاؤن مزید سخت، خواتین اور بچوں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی: کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد سندھ میں ہر طرح کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی، خواتین اور بچوں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔


تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں گزشتہ چند روز کے دوران بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں سخت کیا ہوا ہے، ایک مرتبہ پھر سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے بعد لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پابندی عائد ہے، اب خواتین اور بچوں کی بھی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں پچھلے تمام استثنیٰ / رعایت ختم کردی گئیں ہیں اور ڈبل سواری کی کسی بھی صورت اجازت نہیں ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کراچی پولیس کے تمام افسران و ملازمین اس پابندی کو یقینی بنائیں گے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف حسبِ ضابطہ کارروائی عمل میں لائیں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ عوام لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کر رہے جس کے بعد کیسز میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ہے۔