افغان وزیر خارجہ کا دبئی میں شاہ محمود قریشی کو فون، امن عمل میں پیش رفت پر اتفاق

افغان وزیر خارجہ کا دبئی میں شاہ محمود قریشی کو فون، امن عمل میں پیش رفت پر اتفاق
کیپشن: افغان وزیر خارجہ کا دبئی میں شاہ محمود قریشی کو فون، امن عمل میں پیش رفت پر اتفاق
سورس: file

دبئی : افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے دبئی میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان افغان امن عمل پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

دفترخارجہ کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاک افغان وزرائے خارجہ نے استنبول میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب کو دورہ ترکی کے بعد اسلام آباد آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

ٹیلی فونگ گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  ایک پر امن، اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے۔  افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی کے خواہشمند ہیں۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کو پرامن اور مستحکم بنانے کیلئے اپنی مصالحانہ معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں دیر پا قیام امن کی کوششوں میں " استنبول پراسس" دوحہ ایگریمنٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے معاون ثابت ہو گا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے پر اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی معاونت کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔