پی سی بی کا بدھ تک اپنے دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ

پی سی بی کا بدھ تک اپنے دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص اور 2 ملازمین کے انتقال کے بعد اپنے دفاتر بدھ تک بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی ذرائع کے مطابق دفاتر کی بندش کا فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کیا گیا ہے کیونہ گزشتہ ہفتے کے دوران پی سی بی کے پانچ ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے سبب پی سی بی کے 70 فیصد ملازمین پہلے ہی گھروں سے کام کررہے تھے اور 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین بھی گھروں سے کام کرنے کی ہدایت پر عمل پیرا تھے لیکن اب دفاتر بدھ تک مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی مارچ سے سخت کوویڈ ایس او پیز پر عمل کر رہا تھا لیکن اس کے باوجود کورونا وائرس کے وار جاری رہے اور چند روز قبل پی سی بی شعبہ ڈومیسٹک اور شعبہ سیکیورٹی سے تعلق رکھنے والے دو ملازمین کا انتقال ہو گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث حالات خاصے پریشان کن ہیں جن کے پیش نظر ناصرف متعدد شہروں میں سمارٹ لاک ڈاﺅن لگایا جا چکا ہے بلکہ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جبکہ سرکاری دفاتر میں بھی 50 فیصد عملے کیساتھ کام کیا جا رہا ہے۔