وزیراعظم نے پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیرپورٹ میٹروبس منصوبے کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیرپورٹ میٹروبس منصوبے کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 سالہ دور میں میٹروبس منصوبے کا نقشہ اور حلیہ بگاڑ دیا گیا، تعطل سے منصوبے کو 4 ارب سے زائد کا نقصان ہوا۔ 
تفصیلات کے مطابق پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیر پورٹ میٹر و بس منصوبے کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سابق وزیراعظم 55 روپے کے سستے ہیلی کاپٹر سے دفتر آتے جاتے تھے ، انہیں اس سے کیا غرض تھی کہ غریبوں نے اپنے بچوں کو سکول لے کر جانا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاحی منصوبوں پر پی ٹی آئی نے سالہاسال حکم امتناعی حاصل کئے رکھے، چین کے تعاون سے کے سی آر منصوبہ کراچی کیلئے بہت اہم ہے،یہ منصوبہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے میں مدد گار ہو گا۔ 
انہوں نے اس موقع پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرے وزیراعظم بننے سے سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہو تو ہو گی مگر عوام کا گھبراہٹ اب ختم ہو چکی ہے۔ سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہوتی ہے تو ہو، لیکن میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس کا میں عادی ہوں۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ بس منصوبے کے التوا کی انکوائری کا حکم بھی دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم کا پیسہ ہے، انکوائری کرنا ضروری ہے۔
شہباز شریف نے 14 اپریل کی صبح 7 بجے 4 سال سے التوا کا شکار بس منصوبے کا دورہ کیا، اس موقع پر متعلق افسران نے شہباز شریف کو منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم کاکہنا تھا کہ منصوبے پر اب تک 16 ارب روپے کے قریب خرچ ہوچکے ہیں، عوام کا خیال کریں، منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔
اس موقع پر افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد میٹرو کیلئے 15 بسیں مہیا کی جارہی ہیں، ابتدائی طور پر ہفتے کے روز سے بسیں چلائی جائیں گی۔

مصنف کے بارے میں