فواد چوہدری اپنے کام سے کام رکھیں نیب کے ہدایتکار نہ بنیں، طلال چوہدری

فواد چوہدری اپنے کام سے کام رکھیں نیب کے ہدایتکار نہ بنیں، طلال چوہدری

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری سے کہا ہے کہ وہ اپنے کام سے کام رکھیں نیب کے ہدایتکار،  ق لیگ ، پیپلز پارٹی اور  تحریک انصاف کے مشترکہ ترجمان نہ  بنیں  ہمیں انصاف  نہیں  ملا  ہماری نظرثانی کی درخواست کا فیصلہ  آنے دیں ۔ نواز شریف   کی سزا میں جلدبازی پر قانونی و آئینی سوالات اٹھیں گے نظرثانی کی اپیل اکیلے نوازشریف کی نہیں پوری قوم کی ہے ۔

فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ فوادچوہدری پہلے سپریم کورٹ کے ترجمان بنے ہوئے تھے اب نیب کے ہدایتکار بنے ہوئے ہیں انہیں چاہیے اپنے کام سے کام رکھیں ان کی رام کہانیوں پر اب لوگوں کو یقین نہیں ہے اب فواد چوہدری ق لیگ ،پیپلزپارٹی اور  پی  ٹی  آئی  کے مشترکہ ترجمان بنے ہوئے ہیں اختیارات کا غلط استعمال ،کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات لگائے گئے مگر نکلا صرف ایک اقامہ ہے جسے ویزا کہا جاتا ہے اور پاکستان کے ہر گھر میں پایا جاتا ہے ۔ بار بار ایک ہی رام کہانی بنانا ہدایات جاری کرنا کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ۔

طلال چوہدری نے کہا کہ جب میاں صاحب باہر نکلے تو لوگوں نے تمام فیصلوں کو مسترد کردیا ہے ہمارے ساتھ ابھی تک انصاف نہیں ہوا ہم انصاف کے طلبگار ہیں ہمیں امید ہے کہ ہماری نظرثانی کی درخواست کو سنے جانے سے پہلے نیب یا کوئی اور کارروائی نہیں کرے گاانہیں کارروائی کرنے کی جلدی بھی کیا ہے جب نظر ثانی کی درخواست پڑی ہے تو انہیں نوازشریف کو سزا دینے کی کیا جلدی ہے انہیں نوازشریف سے کیا خوف ہے میں پوچھتا ہوں کیا انہیں انصاف نہیں ملنا چاہیے کیا اسے قانونی وآئینی حق نہیں ملنا چاہیے نوازشریف کو اتنی عجلت میں کیوں سزا دینے کی کوشش کی جارہی ہے ہماری نظر ثانی کی درخواست پر پوری قوم کی نظریں لگی ہوئی ہیں ہم انصاف کے طلبگار ہیں ہم نے سر جھکایا ہوا ہے ہمیں انصاف دیا جائے ۔ نظرثانی کی اپیل سنے جانے سے پہلے کسی بھی اقدام پر آئینی اور قانونی طور پر سوال اٹھیں گے ہمارے ساتھ انصاف کیا جانا چاہیے ۔ نظر ثانی کی اپیل پوری قوم کی درخواست ہے اکیلے نوازشریف کی ہی نہیں ہے ۔ اسے آئین وقانون کے مطابق دیکھا جانا چاہیے ہم آج بھی انصاف کی امید لگائے بیٹھے ہیں کاش ہمیں انصاف مل جائے ۔