عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
کیپشن: عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔تقریب کے شروع میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور تمام شرکاء بصد احترام کھڑے ہوئے جس کے بعد تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے اُن کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے۔ تقریب کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ 

وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز کے علاوہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے۔

نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے ہیں۔

حلف برداری تقریب کے لیے تینوں سروسز چیفس اور پارلیمانی رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوستوں کے علاوہ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کی۔ حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا جائے گیا جس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی۔

گزشتہ روز پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے لیے قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخابات میں عمران خان 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے۔