مسلم لیگ (ن) نے راجہ ظفر الحق کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا

 مسلم لیگ (ن) نے راجہ ظفر الحق کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا
کیپشن: مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ میں پیپلزپارٹی کا اپوزیشن لیڈر ہٹا کر اپنا قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے راجہ ظفر الحق کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نامزد کر دیا۔ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اختلاف کے بعد اب دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے سامنے آ گئی ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ میں پیپلزپارٹی کا اپوزیشن لیڈر ہٹاکر اپنا قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے راجہ ظفرالحق کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف نامزد کر دیا ہے اور اس کے لیے باضابطہ درخواست چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے دفتر میں جمع کرا دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ ظفر الحق کی نامزدگی میں جے یو آئی (ف)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی نے حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق گزشتہ دور حکومت میں سینیٹ میں قائد ایوان تھے جب کہ اس وقت پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہبازشریف کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا۔

قومی اسمبلی کے قائد ایوان کے انتخاب کے دوران شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی نشست پر جا کر ان سے حمایت کی درخواست کی تاہم انہوں نے معذرت کر لی جب کہ پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے کیے جانے والے احتجاج میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔