اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینئر رہنما ڈاکٹر عارف علوی کو صدر پاکستان کے لئے نامزد کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم عمران خان کے آج حلف اٹھانے کے بعد اہم اعلان کردیا گیا ہے اور یہ خبریں دم توڑ گئی ہیں کہ صدر ممنون حسین کو عہدے پر برقرار رکھا جائے گا ۔کیونکہ پاکستان نئی حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی کو نئے صدر پاکستان کے لئے نامزد کردیا گیا ہے ۔ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر پاکستان نامزد کردیا ہے۔
موجودہ صدر کی مدت 4 ستمبر کو پوری ہورہی ہے اور صدر کے الیکشن میں وزیراعظم عمران خان نے عارف علوی کی نامزدگی کی منظوری دی ہے۔
واضح رہےکہ عارف علوی عام انتخابات میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ٹکٹ پر کراچی کے حلقہ این اے 247 سے کامیاب ہوئے انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم ایم اے کے محمد حسین محنتی کو شکست دی جب کہ اس سے قبل بھی وہ عام انتخابات 2013 میں این اے 250 سے ہی ایم این اے منتخب ہوئے تھے جو اب این اے 247 ہے۔ڈاکٹر عارف علوی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے ڈینٹسٹ ہیں۔