عید الاضحی :ضرورت سے زیادہ گوشت کھانا پریشانی کا سبب بن سکتا ہے

عید الاضحی :ضرورت سے زیادہ گوشت کھانا پریشانی کا سبب بن سکتا ہے

لاہور: گوشت انسانی خوراک کا اہم جزو ہے جس سے جسم کو پروٹین،  آئرن، وٹامن بی وغیرہ حاصل ہوتا ہے، جو ایک صحت مند جسم کے لئے ضروری ہیں تاہم ہر قسم کی غذا کے فوائد اور نقصانات ہوتے ہیں، جیسے گوشت کھانے میں غیر معمولی زیادتی سنگین قسم کے صحت کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

ریسرچ سے معلوم ہوتا ہے کہ عام روٹین میں سرخ گوشت کا زیادہ استعمال مختلف سنگین نوعیت کی بیماریوں مثلاً کینسر، دل کے امراض‘ ذیابیطس، معدہ ، جگر  اور حتی  کہ وقت سے پہلے اموات کا بھی باعث ہو سکتا ہے، لہذا وہ لوگ جو پہلے سے ہی ان بیماریوں میں مبتلا ہیں انہیں بڑےگوشت کے استعمال میں غیر معمولی احتیاط برتنی چاہئے۔

عیدالاضحی گوشت کے استعمال کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیوں کہ اس دن امت مسلمہ سنت ابراہیمیؑ کی یاد تازہ کرتے ہوئے حلال جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔ اور پھر گوشت کی مختلف ڈشز   تیار کرنے کا بھی بھرپور اہتمام کیا جاتا ہے ۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان چیزوں کو اعتدال میں رہتے ہوئے عام دنوں کی طرح کھایا جائے۔ اگر اس سلسلے میں بے احتیاطی کی گئی تو بہت سے طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایسے لوگ جو پہلے ہی مختلف قسم کی بیماریوں مثلاً یورک ایسڈ   کی زیادتی،  جوڑوں میں درد،  بلڈ پریشر،  شوگر،  دل، معدہ اور جگر وغیرہ کی بیماریوں میں مبتلا ہیں انہیں اس موقع پر خاص طور پر احتیاط کرنی چاہئے اور گوشت سے پرہیز کرنا چاہئے یا ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق بہت تھوڑی مقدار میں استعمال کرنا چاہیئے۔ بصورت دیگر ان کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یا ان کی بیماری شدید صورت اختیار کر سکتی ہے۔