کشمیریوں پر ظلم ،بھارتی کرنل نے استعفیٰ دے دیا

کشمیریوں پر ظلم ،بھارتی کرنل نے استعفیٰ دے دیا

سری نگر: بھارتی فوج کے افسر نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کرنے سے انکار کر دیا۔

کرنل وجے اچاریہ نے بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم کرنے کے حکم پر فوج سے استعفیٰ دے دیا۔ کرنل وجے نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ انہوں نے استعفیٰ دیکر نئی دہلی واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انکے استعفے کی وجہ کشمیر ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم کیسے اپنے لوگوں کو مار سکتے ہیں، میں مزید یہ برداشت نہیں کرسکتا، ’بائے انڈین آرمی‘۔

کرنل وجے نے بتایا کہ بھارتی فوجی بھی مر رہے ہیں لیکن بھارت ان کے بارے میں میڈیا پر بتا نہیں رہا۔ انہوں نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کی حراست میں موجود حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے بھی کہا تھا کہ یاسین ملک کو آگرہ کے مینٹل ہسپتال میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو بس زمین چاہیے انہیں کشمیریوں سے غرض نہیں، دشمن بزدل ہے نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔

مشال ملک نے لاہور میں کشمیر ہیومن رائٹس والنٹیئرز موومنٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کوئی انسانت نہیں ہے، انکے خاوند کو آگرہ کے مینٹل ہسپتال میں رکھا گیا ہے اور انہیں پنجرے میں قید کر کے رکھا گیا ہے،ان سے 5ماہ سے ملنے بھی نہیں دیا جا رہا اور نہ ان کے بارے میں کوئی خبر آرہی ہے۔

انہوں نے کشمیر کی صورتحال سے متعلق کہا کہ مقبوضہ وادی میں صورتحال انتہائی خراب ہے، وادی میں لوگوں کے گھروں کو جلایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی بھارتی حکومت ، مودی سرکار کے کشمیریوں پر ظلم وستم کی جانب توجہ دلائی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔