مولانا فضل الرحمان کو فون,ن لیگ بھرپور اپوزیشن کریگی، نواز شریف کی یقین دہانی

 مولانا فضل الرحمان کو فون,ن لیگ بھرپور اپوزیشن کریگی، نواز شریف کی یقین دہانی


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے درمیان موجودہ حکومت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پراتفاق ہو گیا ہے۔

 سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ن لیگ بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

 مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بیٹھنا ہمارے مؤقف کی نفی ہے۔

انہوں نے امیر جے یو آئی (ف) سے کہا کہ آئندہ شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے واضح طورپر کہا کہ مشترکہ حکمت عملی طے کریں گے۔

ن لیگ کے قائد نے تجویز پیش کی کہ رہبر کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی کے اجلاس میں مشترکہ حکمت عملی اور متفقہ مؤقف طے کیا جائے۔

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ میری بیماری اوردورہونے کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو اپنے قریب سمجھتاہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دو بڑی جماعتوں کو مقدمات کے ذریعے ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کو مشورہ دیا کہ نیب کی پیشیاں نہ بھگتیں اور پیشی سے انکار کرتے ہوئے جیل بھرو تحریک شروع کی جائے۔