نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل منایا جائے گا

نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل منایا جائے گا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی راہ میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل 10 ویں محرم الحرام کو مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا جس کیلئے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزئیے کے جلوس برآمد ہوں گے،مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور 10 ویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہوں گے جو 10محرم الحرام کو منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعد شام غریباں برپا کی جائیں گی۔ 

نو اور 10 محرم کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جن کے تحت ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہو گی، امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے حساس علاقوں میں پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ 

 جلوس کے راستوں میں بغیر اجاز ت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور جلوسوں کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائش گاہوں کی جامع تلاشی کے بعد ان کی چھتوں پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ 

یوم عاشور پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے امام بارگاہوں، مساجد، عبادت گاہوں اور مزارات کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ سٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔