پاکستان کیلئے مستحکم افغانستان ضروری، طالبان کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ عمران خان کریں گے: شیخ رشید

پاکستان کیلئے مستحکم افغانستان ضروری، طالبان کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ عمران خان کریں گے: شیخ رشید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ طورخم سے کابل تک تمام راستہ کلیئر ہے اور اب تک 613 پاکستانیوں کو افغانستان سے واپس لایا جا چکا ہے جبکہ 2 روز میں تمام پاکستانی شہریوں کو واپس لائیں گے، پاکستان کیلئے مستحکم اور پرسکون افغانستان ضروری ہے، طالبان کو تسلیم کرنا یا نہ کرنے کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔ 
وزیرداخلہ شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف ہائبرڈ وار جاری ہے اور پاکستان کے نوجوان اس ہائبرڈ وار میں سوشل میڈیا پر ہمارے ہتھیار ہیں، پاکستان کو قربانی کابکرا بنانے کی کوشش کی گئی مگر ہمارے تمام ادارے الرٹ ہیں، پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے مذاکرات کیلئے کردار ادا کیا جبکہ عمران خان نے ازبکستان میں اشرف غنی کو سمجھانے کی کوشش کی کیونکہ انہیں اندازہ تھا کہ اشرف غنی جو سوچ رہے ہیں، ویسا نہیں ہو گا، ہرکرپٹ شخص کی سوچ ہوتی ہے کہ وہ ملک سے بھاگ جائے۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کا دفتر 14اگست کو کھلا تھا، کل بھی کھلا ہو گا جبکہ تمام ایئرپورٹس اوربارڈرزپرامیگریشن کیلئے عملہ بھی موجود ہے، طورخم سے کابل تک تمام راستہ کلیئر ہے اور کوئی افغان مہاجر پاکستان نہیں آ رہا، افغانستان سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیساتھ ساتھ وہاں پھنسے غیر ملکیوں کو ٹرانزٹ ویزا دے رہے ہیں۔ 
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 60 سے 70 غیرملکی صحافیوں کوچارٹرطیارے سے پاکستان لائیں گے جن میں شامل سفارتکار ایئرپورٹس سے ہی اپنے ممالک میں چلے جائیں گے، ابھی تک 613 پاکستانیوں کوافغانستان سے واپس لایا جا چکا ہے جبکہ 2 روزمیں تمام پاکستانیوں کوافغانستان سے واپس لائیں گے۔ 
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مستحکم، پرسکون افغانستان پاکستان کیلئے ضروری ہے، طورخم بارڈر مکمل پرسکون ہے اور کوئی افغان مہاجر پاکستان نہیں آ رہاخ بھارتی میڈیا پہلے نہیں دیکھتا تھا، اب دیکھتا ہوں جو پاکستان باڈر کے حوالے سے غلط بیانی کر رہا ہے، طورخم اور چمن بارڈر پر تمام صورتحال اے ون ہے، طورخم اورچمن بارڈرپرکسی قسم کی رکاوٹ نہیں، ہمارے سفیر طورخم بارڈ سے بذریعہ سڑک کابل گئے ہیں۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ شکر ہے افغانستان میں امن ہے ورنہ پاکستان پر انگلیاں اٹھائی جاتیں، طورخم بارڈر کے حوالے سے بھارتی میڈیا بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے، افغانستان سے کوئی مہاجر آ رہا ہے نہ ہی ہمارے پاس انتظام ہے، ہم کسی کوپاکستان میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے، بارڈر پر ہماری فوج ہے اس لئے کوئی مسئلہ نہیں۔ 
وزیر داخلہ نے محرم الحرام کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم کے جلوسوں کے موقع پر موبائل سگنل بند رکھنا روایت رہی ہے اور مختلف علاقوں میں موبائل فون سگنل کی بندش عوام کی سیکیورٹی کیلئے ہے، سب سے اپیل ہے اپنا عقیدہ نہ چھوڑیں، کسی کے عقیدے کو نہ چھیڑیں جبکہ عزاداران ایس او پیز کا خیال رکھیں۔