روسی مال بردار طیارہ گر کر تباہ، تین افراد کی ہلاکت کا امکان

روسی مال بردار طیارہ گر کر تباہ، تین افراد کی ہلاکت کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ماسکو: روس کا ایک پروٹوٹائپ فوجی مال بردار طیارہ ماسکو کی حدود کے باہر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں پائلٹ سمیت 3 افراد سوار تھے جن کی ہلاکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی طیارہ ٹیسٹ پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، طیارہ ماسکو کے جنگلات کے قریب اس وقت گر کر تباہ ہوا جب وہ ایئر فیلڈ پر لینڈنگ کیلئے آ رہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق طیارے کے دائیں انجن میں دوران پرواز آگ لگ گئی تھی۔ 
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلیوشن Il-112V پروٹوٹائپ طیارے پر تین افراد سوار تھے جن میں ایک روس کے ہیرو نکولائی کوئموف بھی شامل تھے جن کی ہلاکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نکولائی کوئموف نے مارچ 2019ءمیں مذکورہ طیارے کی پہلی ٹیسٹ پرواز کامیابی سے اڑائی تھی جس پر انہیں ہیرو کی حیثیت دی گئی تھی
روسی محکمہ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے، طیارہ حادثے کی ممکنہ ابتدائی وجوہات میں انجن میں آگ لگنا، پائلٹ کی غلطی، اور دیگر پرزوں کا کام نہ کرنا شامل ہیں تاہم اس بارے میں کوئی بھی حتمی آراءتحقیقات کے بعد ہی قائم کی جا سکے گی۔