’طالبان کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، پاکستان کیخلاف سیریز ہو گی‘ : افغان کرکٹ بورڈ کا اعلان

’طالبان کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، پاکستان کیخلاف سیریز ہو گی‘ : افغان کرکٹ بورڈ کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے کہا ہے کہ طالبان کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اس لئے پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز شیڈول کے مطابق ہو گی۔ 
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں حکومت کی تبدیلی سے پاکستان اور افغان کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول سیریز متاثر نہیں ہو گی۔ افغان بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) حامد شنواری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ طالبان کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور وہ اپنی ٹیم کی حمایت کر رہے ہیں۔ پاکستان کے خلاف ہماری سیریز شیڈول کے مطابق سری لنکا میں منعقد ہو گی۔ اس سلسلے میں افغان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن دو روز کے وقفے کے بعد کل سے دوبارہ شروع ہو جائے گا۔‘ 
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر کے پہلے ہفتے میں تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز سری لنکا میں شیڈول ہے جس کی میزبانی افغانستان کے پاس ہے۔ طالبان کی جانب سے افغانستان پر قبضہ کئے جانے کے بعد سیریز کے انعقاد پر شک کے بادل منڈلانے لگے تھے تاہم اب افغانستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کو سیریز کے شیڈول کے مطابق انعقاد کی خوشخبری سنا دی ہے۔