شدید بارشوں کے پیش نظر سندھ بھر میں آج تمام تعلیمی ادارے بند

شدید بارشوں کے پیش نظر سندھ بھر میں آج تمام تعلیمی ادارے بند

کراچی: شہر قائد سمیت صوبے بھر میں ہونے والی شدید بارشوں کے پیش نظر سندھ بھر میں آج تمام تعلیمی ادارے بند ہیں اس کے علاوہ آج شیڈول امتحانات بھی ملتوی کئے جا چکے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے گزشتہ روز کراچی میں مزید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا تھا اور وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو چھٹی دینے کی ہدایت کی ہے۔ 
دوسری جانب 18 اگست 2022ءکو ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ءکے آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور خصوصی امیدواروں کے پرچے اور سائنس گروپ کے عملی امتحانات (پریکٹیکل) ملتوی کئے جا چکے ہیں۔ 
چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ تمام ملتوی شدہ پرچے اب بروز جمعرات 25 اگست کو انہی امتحانی مراکز پر پہلے سے دیئے گئے شیڈول اور وقت پر لئے جائیں گے جبکہ عملی امتحانات (پریکٹیکل) ری شیڈول کرنے کیلئے کالجوں کو ہدایت کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتوی کئے جانے والے پرچوں میں آرٹس ریگولر و پرائیویٹ کے اردو ایڈوانس پرچہ دوم، عربی پرچہ دوم، فارسی پرچہ دوم، سندھی (اختیاری) پرچہ دوم، انگلش (اختیاری) پرچہ دوم، ریاضی پرچہ دوم اور خصوصی امیدواروں کا کمپیوٹر سائنس پرچہ اول شامل ہیں۔

مصنف کے بارے میں