اشتہاری ملزمان سے ملاقات پر وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست خارج

اشتہاری ملزمان سے ملاقات پر وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست خارج

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے اشتہاری ملزمان سے ملاقات پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزراءکی نااہلی کیلئے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءعدلیب عباس نے لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کس اختیار کے تحت وزیراعظم کو نا اہل کر سکتا ہے؟
عندلیب عباس کے وکیل نے مہلت دینے کی استدعا کی جس پر جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ کیا وقت دیں؟ آپ نے تعطیلات کے دوران کیس کیا، جبکہ اس کی تیاری ہی نہیں کی، آپ نے چھٹیوں میں آفس پر زور ڈال کر یہ پٹیشن لگوائی ہے، آپ کو معلوم ہی نہیں کہ کس قانون کے تحت وزیراعظم یا وزراءکو الیکشن کمیشن نا اہل کر سکتا ہے۔
عندلیب عباس کے وکیل اسد منظور بٹ نے استدعا کی کہ مجھے تھوڑا وقت دے دیں، ہم درخواست میں ترمیم کر کے دوبارہ دائر کر دیتے ہیں جس پر جسٹس شاہد وحید نے انہیں ہدایت کی کہ بہتر ہے کہ آپ درخواست واپس لے کر دوبارہ دائر کریں، آپ کلائنٹ کو گائیڈ کئے بغیر عدالت میں لے آتے ہیں۔ 
سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت عالیہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزراءکی نااہلی کیلئے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں