کوئٹہ میں ٹرک اور مسافر کوچ میں تصادم، 8 افراد ہلاک

کوئٹہ میں ٹرک اور مسافر کوچ میں تصادم، 8 افراد ہلاک

کوئٹہ: زائرین کو ایران لے جانے والی مسافر کوچ اور ٹرک میں بلوچستان کے ضلع چاغی کے قریب تصادم کے باعث دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے 8 افراد جھلس کر ہلاک جب کہ کم سے کم 7 افراد زخمی ہوگئے۔

مقامی عہدیداروں کے مطابق کوئٹہ سے زائرین کو ایران کے علاقے تافتان لے جانے والی مسافر کوچ نوکنڈی کے قریب لانڈھی کے مقام پر دوسری جانب سے آنے والی ٹرک سے ٹکرا گئی۔

ضلع چاغی کے ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) شیخ بلوچ کے مطابق ٹرک اور کوچ میں تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس کے باعث دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز سمیت 8 افراد جھلس کر جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔

ڈی سی کے مطابق حادثے کا شکار بننے والی مسافر کوچ میں فرنٹیئر کارپس(ایف سی) کا اہلکار بھی سوار تھا جو اس حادثے میں ہلاک ہوگیا۔حادثے کے بعد ایف سی اور لیویز اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو دالبدین کے پرنس فہد اسپتال منتقل کردیا۔

ڈی سے چاغی کے مطابق ہلاک ہونے والے 8 افراد میں سے 4 کی شناخت ہوچکی ہے۔لیویز عہدیداروں کے مطابق کوچ 13 مسافروں کو کوئٹہ سے لے کر ایران کے علاقے تافتان جا رہی تھی۔

لیویز عہدیداروں کے مطابق گاڑیوں میں تصادم کے بعد آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے، مگر گاڑیوں میں آگ کیسے لگی اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

لیویز کے مطابق حادثے میں جھلس کر ہلاک ہونے والے پرویز احمد، لکھمیر خان، ملک شاہ محمد اور عبدالغفور کی لاشوں کی شناخت ہوچکی ہے۔حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے 7 افراد کو بعد ازاں کوئٹہ کے بولان میڈیکل کالج ہسپتال منقتل کردیا گیا۔

ادھر وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان نے عہدیداروں سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج کی ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔