دنیا کی مقبول ترین گیم پہلی بار اسمارٹ فون میں

دنیا کی مقبول ترین گیم پہلی بار اسمارٹ فون میں

 لندن: کسی زمانے میں دنیا کی مقبول ترین گیم کا اعزاز اپنے نام کرنے والی سپر ماریو آخر کار پہلی دفعہ اسمارٹ فونز صارفین کے لیے بھی متعارف کرادی گئی۔

سپر ماریو رن نامی گیم آئی فون اور آئی پیڈ صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

سپر ماریو گیم بنانے والی کمپنی ننٹینڈو کی جانب سے پہلی بار اس ویڈیو گیم کردار کو موبائل کی دنیا میں لانے کی کوشش ہے۔ماضی کی گیم کی طرح سپر ماریو رن بھی کبھی ختم نہ ہونے والی دوڑ پر مبنی گیم ہے جس کو کھیلنے والے ماریو کو روایتی پلیٹ فارم والے ماحول میں کنٹرول کرتے ہیں مگر کنٹرول صرف ایک ہے یعنی جمپ۔

خیال رہے کہ 1981 میں جب پہلی بار سپر ماریو کی ویڈیو گیم میں آمد ہوئی تھی تو اس کا نام جمپ مین ہی تھا۔

تاہم یہ گیم مفت نہیں بلکہ 9.99 ڈالرز میں ایپل کے ایپ اسٹور سے ڈاﺅن لوڈ کی جاسکتی ہے۔یہ گیم تین موڈز پر مبنی ہے، ورلڈ ٹورز، ٹوڈ ریلی اور مشروم کنگڈم۔

پہلے دو مراحل کے لیے آپ کو کرنسی کمانی ہوتی ہے تاکہ تیسرے مرحلے اور پانچ دیگر کرداروں کو ان لاک کرسکیں۔بدقسمتی سے اس گیم کے لیے ہر وقت انٹرنیٹ کی ضرورت ہے جو منقطع ہونے پر کھیل رک جاتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پائریسی سے بچنے کے لیے ضروری تھا۔یہ گیم اس وقت متعارف کرائی گئی ہے جب پوکیمون گو کی مقبولت میں نمایاں کمی آئی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ سپرماریو اس کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے گی۔