تیونس میں قتل انجنیئر حماس کے اہم رہنما نکلے

تیونس میں قتل انجنیئر حماس کے اہم رہنما نکلے

غزہ :اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے دعوی کیا ہے کہ تیونس کے علاقے صفاقس میں قاتلانہ حملے میں شہید کئے جانے والے فلائٹ انجینئر محمد الزواری تنظیم کے اہم رہنما تھے۔

القسام بریگیڈ نے اسرائیل کو الزواری کی شہادت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے قتل کا بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق القسام بریگیڈ کے ایک فوجی بیان میں بتایا گیا کہ 49 سالہ فلائٹ انجینئر محمد الزواری کو بزدل اسرائیل نے تیونس کے شہر صفاقس میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر شہید کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ الزواری کا قتل مزاحمت اور القسام بریگیڈ پر ایک وار ہے اور دشمن جانتا ہے کہ ہمارے کمانڈر کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

تیونس کی پارلیمنٹ میں اکثریتی جماعت تحریک نہضت اسلامی نے حکومت سے یک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ وہ الزواری کے قتل کا سراغ لگائے اور ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دے۔