اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جاری

اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جاری

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر اسحاق ڈار اور ان کے ضامن احمد علی قدوسی کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دیا گیا تھا اور اس سے متعلق قومی احتساب بیورو سے آج رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

دوسری جانب اسحاق ڈار کے ضامن نے جائیداد قرقی کے احتساب عدالت کے حکم کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ احتساب عدالت نے آج 5 گواہوں کی طلبی کے سمن بھی جاری کر رکھے ہیں جن میں ڈپٹی سیکریٹری کابینہ ڈویژن واصف حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر کامرس قمر زمان، برطرف ڈائریکٹر نادرا قابوس عزیز، ڈائریکٹر بجٹ قومی اسمبلی شیر دل خان اور نجی بینک کے فیصل شہزاد شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف استغاثہ نے 28 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی تھی جن میں سے 7 گواہ اب تک بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔ یہ شہادتیں ضابطہ فوجداری کی شق 512 کے تحت ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں