سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دنیا کے سب سے مہنگے گھر کے خریدار نکلے

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دنیا کے سب سے مہنگے گھر کے خریدار نکلے

نیو یارک: دنیا کی سب سے مہنگی پینٹنگ خریدنے کے بعد اب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دنیا کے سب سے مہنگے گھر کے بھی خریدار نکلے جو انہوں نے 30 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم سے فرانس میں خرید رکھا ہے۔

چیٹیو لوئس فرانس کے ایک سابق لارڈ کی رہائش گاہ ہے جو وسیع رقبے کی حامل ہے اور اس میں 57 ایکڑ رقبے پر محیط ایک پارک بھی شامل ہے اسے سال 2015ء میں کسی نامعلوم شخصیت نے 30 کروڑ ڈالر (33 ارب 10 کروڑ روپے) میں خریدا تھا۔ معروف امریکی جریدے فوربس نے اسے دنیا کی مہنگی ترین رہائش گاہ قرار دیا تھا اس گھر میں وسیع رقبے کا فش ایکوائریم، سنیما گھر اور زیر زمین نائٹ کلب بھی موجود ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس رہائش گاہ کو فرانس اور لکسمبرگ سے تعلق رکھنے والی آٹھ کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے ذریعے خریدا گیا تاہم خریدار کا نام پوشیدہ رکھا گیا تھا۔

اب نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں سعودی شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ اس رہائش گاہ کو خریدنے والی تمام سرمایہ کار کمپنیاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ایک مدر فرم کی ملکیت ہیں۔ سعودی شاہی خاندان کے مشیر نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔

 

 سعودی عرب میں اس وقت کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے۔ سعودی شاہ اور ولی عہد کے ایما پر 200 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ان میں سعودی شہزادے، سابق وزرا، بزنس ٹائیکون کے سربراہان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں جو فی الوقت نظر بند ہیں۔ آخری اطلاعات کے مطابق ان سے پلی بارگین کے ذریعے سعودی حکومت اربوں روپے وصول کر کے انہیں رہا کر دے گی تاہم اس مہم کے دوران محمد بن سلمان کے مہنگے ترین اثاثے ظاہر ہونا خود اس مہم پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر میں جاری ہونے والے پیراڈائز پیپر لیکس میں انکشاف ہوا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے روسی ٹائیکون کی ملکیت 440 فٹ طویل لگژری بحری جہاز 45 کروڑ پاؤنڈ میں خریدا جب کہ نومبر میں یہ راز افشاں ہوا کہ لیونارڈو ڈاؤنچی کی ایک معروف پینٹنگ 450 ملین ڈالر میں خریدنے والا کوئی اور نہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں