عدلیہ سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں، سعد رفیق

عدلیہ سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں، سعد رفیق

لاہور: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم جن سے مد مقابل ہیں ان سے زیادہ ڈیلیور کیا اب کوئی یہ نہیں کہہ سکتا وہ اپوزیشن میں ہے۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی خیبرپختونخوا میں حکومت رہی اور 18 ویں ترمیم کےبعد صوبائی حکومتیں بہت طاقتور ہیں اب تمام صوبوں کے لوگ اپنی اپنی حکومتوں سے حساب مانگیں گے۔


انہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگوں کو چور چور نہیں کہتے کیونکہ ساڑھے چار سال مسلسل سازش اور دباؤ کا سامنا کیا۔ گالیاں سنیں، بے ہودہ الزامات لگائے گئے جبکہ احتساب کا گھناؤنا کھیل کھیلا گیا اور ملک میں شفاف احتساب نہیں ہے کیونکہ یہ لوگوں کو استعمال کرنے کا طریقہ ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ انتخابات قریب ہیں اب مخالفین کی گالی گلوچ کی شدت بڑھ جائے گی لیکن الیکشن والے دن ہی فیصلہ ہو گا کہ گالی جیتی یا کارکردگی، اگر گالی جیتی تو عمران خان جیت جائیں گے اور اگر کارکردگی جیتی تو نواز شریف جیتیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی شریف آدمی ہیں اگر وہ کوئی تحفظات سامنے لائے ہیں تو اس میں بڑا وزن ہے۔ اگر اسپیکر ایسا سوچے تو اس کا ہر سطح پر نوٹس لیے جانا چاہیے اور ایسی چیزوں کا تدارک ہونا چاہیے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عدلیہ، فوج سمیت تمام ریاستی ادارے اور سیاسی جماعتیں ساتھ ہوں تو ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اگر ہم اپنے اپنے دائرے میں کام کرتے رہیں تو چھوٹی موٹی چیزیں چلتی رہتی ہیں لیکن ہم ایک دوسرے کے لیے خطرہ نہ بننے کی روایت اپنا لیں اور اختلاف رائے تو دشمنی میں تبدیل نہ کریں تو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں لیکن اگر کوئی بینچ ایسا فیصلہ دیتا ہے جو قانون و انصاف کے منافی ہے تو اس پر بات کریں گے اور وہ آئین و قانون کے دائرے میں ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عدلیہ نے حدیبیہ کا فیصلہ بھی کیا اگر کوئی بینچ یا جج ایسا فیصلہ کریں گے جو ہماری دانست یا تشریح میں قانون و انصاف سے متصادم ہے تو اسے عدلیہ پر چڑھائی قرار دینا مناسب نہیں۔ چیف جسٹس نے ٹھیک کہا کہ عدلیہ کو گالیاں نہیں دینی چاہیئیں کیونکہ عدلیہ کی بے توقیری بھی نہیں ہونی چاہیے لیکن جج بھی خیال کریں کہ ریمارکس پاس کرتے وقت سوچیں ان کا اپنا مرتبہ اس کی اجازت دیتا ہے یا نہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں