چین کو اپنی مرضی کے مطابق نہیں دھکیلا جا سکتا، شی جن پنگ

چین کو اپنی مرضی کے مطابق نہیں دھکیلا جا سکتا، شی جن پنگ
کیپشن: چینی کردار کے باعث سوشلسٹ سسٹم نے عظیم کامیابی حاصل کی، شی جن پنگ۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ اے ایف پی

بیجنگ: کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے معاشی ترقی کے 40 سال مکمل ہونے پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اپنی ایک پارٹی نظام سے انحراف نہیں کرے گا اور کسی ملک سے احکامات نہیں لے گا جب کہ سوشل ازم کا عظیم پرچم چین کی سرزمین پر ہمیشہ سربلند رہے گا۔

چینی صدر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کمیونسٹ پارٹی کی قیادت سوشل ازم کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور چینی کردار کے باعث سوشلسٹ سسٹم نے عظیم کامیابی حاصل کی۔

صدر شی جن پنگ نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ چین کو کسی بھی ملک سے خطرہ نہیں اور چین کو اپنی مرضی کے مطابق نہیں دھکیلا جا سکتا، کوئی اس پوزیشن میں نہیں کہ چین کے لوگوں کو یہ ڈکٹیٹ کرا سکے کہ انہیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔

چینی صدر نے خطاب کے دوران اصلاحات کا وعدہ کیا لیکن انہوں نے کسی قسم کی تفصیلات کا ذکر نہیں کیا۔

خیال رہے کہ امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے بارہا چین پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ چین کی کمپنیاں مغربی اکنامک بورڈ سے مکمل فوائد حاصل کر رہی ہیں اور اس کے جواب میں ان ممالک کو کچھ نہیں ملتا۔